حیدرآباد۔ 13۔ دسمبر (اعتماد نیوز) محبت کے نام پر دھوکہ دیتے ہوئے پولیس کانسٹبل کی جانب سے حاملہ کردینے پر دل برداشتہ انٹرمیڈیٹ کی طالبہ نے خودکشی کرلی۔ جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر پردیپ کمار نے بتایا کہ پولیس کوارٹرس یوسف گوڑہ کے رہنے والے فرسٹ بٹالین سے وابستہ ہیڈکانسٹبل ولیم کیری کی 17 سالہ بیٹی‘ خانگی کالج میں انٹرمیڈیٹ میں زیر تعلیم تھی۔ اس دوران ان کے پڑوسی 8ویں بٹالین کے پولیس کانسٹبل ستیش رام نے لڑکی کو اپنی محبت کے جال میں پھانس لیا اور شادی کا وعدہ کرکے اس کا جنسی استحصال کیا نتیجہ میں طالبہ حاملہ ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ سابق میں بھی پولیس کانسٹبل نے لڑکی کا حمل ساقط کروایا تھا۔ کل وہ اپنے گھر سے بیاگ لے کر کانسٹبل کے مکان پہنچی اور اس پر شادی کے لئے دباؤ ڈالنے لگی۔ کانسٹبل ستیش رام نے انکار کردیا۔ طالبہ مایوسی کے عالم میں گھر واپس ہوئی اور اس نے اپنے مکان میں پھانسی لے لی۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کی غرض سے عثمانیہ ہاسپٹل کے مردہ خانہ میں محفوظ کروادیا اور مصروف تحقیقات ہے۔
ایر پورٹ پر ایک کیلو سونے کے پاوڈرکے ساتھ ایک شخص گرفتار
llانٹرنیشنل ایر پورٹ شمس آباد پر ایک شخص کو ایک کیلو سونے کا پاوڈر لانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ ممبئی کا رہنے والا شیخ الطاف محسن آج صبح مسقط سے شمس آباد ائرپورٹ پہنچا اس شخص کے قبضہ سے کسٹمس عہدیداروں نے ایک کیلوگرام سونے کا پاوڈر برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا ۔
ماں کی آنکھوں کے سامنے کمسن بیٹا ہلاک
llمیڈی پلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ماں کی آنکھوں کے سامنے کمسن بیٹے نے دم توڑدیا۔ پولیس کے مطابق وویکانندا کالونی کی رہنے والی خاتون لاونیا کل
صبح پانی لینے کے لئے کرانتی نگر گئی ہوئی تھی ۔ خاتون کے ہمراہ اس کا تین سالہ بیٹا کارتک بھی تھا۔ خاتون پانی بھررہی تھی کہ سڑک سے گزرنے والی تیزرفتار ویان نے کارتک کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا‘ ہاسپٹل منتقل کرنے پر جانبر نہ ہوسکا۔
شادی کے نام پر 10ویں جماعت کی طالبہ کاجنسی استحصال
llشادی کے نام پر جنسی استحصال کرکے فرار ہوجانے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ جیڈی مٹلہ پولیس کے مطابق 28سالہ نوجوان بیرپا نے جگت گری گٹہ کی رہنے والی دسویں جماعت کی طالبہ سے شادی کا وعدہ کیا اور اس کے ساتھ گذشتہ دو ماہ سے رہنے لگا۔ نوجوان نے لڑکی کا جنسی استحصال کیااور دو روز قبل اسے ایرہ گڈہ علاقہ میں چھوڑکر فرار ہوگیا۔ پولیس نے لڑکی کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے نوجوان کو گرفتار کرلیا۔
کمیشن ایجنٹ سے 2لاکھ روپے چھین لئے گئے
llمادناپیٹ منڈی کے کمیشن ایجنٹ سے رقم چھین لی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق 59سالہ انجی ریڈی ساکن الماس گوڑہ‘ مادناپیٹ منڈی میں کمیشن ایجنٹ ہے کل وہ 2لاکھ روپے پر مشتمل بیاگ لے کر کار میں سوار ہونے کے لئے جارہا تھا کہ نامعلوم رہزنوں نے اس کے ہاتھ سے بیاگ چھین کر راہ فرار اختیار کی۔
کار کا شیشہ توڑ کر رقم لوٹ لی گئی
llکار کا شیشہ توڑکر 40ہزار روپے لوٹ لئے گئے۔ یہ واقعہ آج دن دہاڑے پیش آیا۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق وائی دیہی نگر کے رہنے والے تاجرپیشہ رمانند آج رقم نکالنے کے لئے ریڈ ٹینک علاقہ میں واقع ایچ ڈی ایف سی بینک پہنچے ۔ وہاں انہوں نے اپنی کار پارک کی ۔ کچھ دیر بعد وہ واپس ہوئے تب تک نامعلوم سارقین نے کار کا شیشہ توڑ کر 40ہزار روپے نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔